پاکستانی فوج نے کنٹر میں 73راکٹ فائر کئے، افغانستان کا الزام
کابل (آئی این پی) افغانستان نے پاکستان کی بار بار تردید کے باوجود ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ سرحد پار سے پاک فوج نے مشرقی صوبہ کنڑ میں73 راکٹ فائر کیے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبائی سکیورٹی چیف جنرل عبدالحبیب سیدخیل نے بتایا ہے کہ راکٹ پاکستانی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائر کے گئے۔ جنرل سیدخیل نے مزید کہاکہ راکٹ ضلع سیگل اور دانگام میں گرے جس سے رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں راکٹ حملوں کے باعث درجنوں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کرجاچکے ہیں۔ افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی فوج رواں سال صوبہ کنڑ پر مسلسل شیلنگ کررہی ہے ۔