• news

کشمیریوں کیلئے پاکستان میں انتشار کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے:علی گیلانی

سرینگر(آن لائن)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین علی گیلانی نے پاکستان میں موجودہ انتشار جیسی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں ہونے والے فوجی آپریشن کی وجہ سے آئی ڈی پیز کی بھر پور مدد کریں اورپاکستان کے خلاف کی جانے والی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں علی گیلانی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ایک انسانی المیہ جیسی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ اس نازک مرحلے پر پاکستانی قوم میں اسی جذبے اور تعاون کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ انہوں نے آزاد کشمیر اور خیبر پی کے میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران کیا تھا۔انہوں نے کہاایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ پوری قوم کو متحد کریںاور شمالی وزیرستان میں آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کی مدد اور بحالی کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کئی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ظالمانہ کارروائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت میں مودی سرکاری کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت نے اب ایک نئے ہتھکنڈے کے تحت کشمیری عوام کو اپنی جدوجہد سے دستبردار کرانے کے لئے ان کو اپنی زمینوں سے بے دخل کرنا شروع کر دیا ہے۔ بھارت کے کشمیری تحریک کو دبانے کے لئے کوئی بھی ہتھکنڈا کامیاب نہیں ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن