بھارت نے چار غیر ملکی سیٹلائٹ خلاء میں چھوڑ دیئے‘ سائنسدان سارک ممالک کیلئے بھی سیٹلائٹ لانچ کریں : مودی
نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت نے100 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار راکٹ پی ایس ایل وی 23 کے ذریعے 4 سیٹلائٹ خلا میں چھوڑ دیئے۔ بھارتی شہر سری ہاریکوٹا میں سیٹلائٹ خلا میں چھوڑنے کی تقریب ہوئی جس میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے شرکت کی۔ 230 ٹن وزنی راکٹ کے ذریعے سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کے منظر کو بھارتی وزیراعظم نے خود دیکھا اور کامیابی پر سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔ یہ سیٹلائٹ بھارت کا 27 واں پولر سیٹلائٹ لانچ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو اپنے خلائی پروگرام پر فخر ہے اور کامیاب خلائی آپریشن کے بعد عوام کی خواہش پوری ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا سائنسدانوں نے محنت سے بھارت کو خلائی شعبے میں خود کفیل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی رکاوٹوں کے باوجود خلائی پروگرام کو جاری رکھا اورخلائی پروگرام کی لاگت ہالی ووڈ فلم ’’گریوٹی‘‘ سے بھی کم ہے۔ چھوڑے گئے سیٹلائٹ فرانس، جرمنی، کینیڈا اور سنگاپور کے ہیں۔ مودی نے بھارتی سائنسدانوں سے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی سارک ممالک کے لئے سیٹلائٹ لانچ کریں تاکہ پڑوسی ممالک بھارت کی جدید تکنیکی صلاحیتوں سے مستفید ہوسکیں۔ یہ سیٹلائٹ بھارت کی طرف سے پڑوسی ممالک کو تحفہ ہوگا تاکہ انہیں فاصلاتی تعلیم، ٹیلی میڈیسن اور زرعی معلومات جیسی سہولیات حاصل ہوسکیں۔ سارک ممالک میں بھارت کے علاوہ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان شامل ہیں۔ مودی نے کہا انسانی ترقی کی کہانی اپنیشد (ہندوئوں کی قدیم تعلیمات) سے سیٹلائٹ تک پہنچ گئی ہے۔
بھارتی سیٹلائٹ