• news

مسلح گروہ رمضان کے احترام میں ہتھیار ڈال دیں: سنی تحریک علماء بورڈ کی اپیل

لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ کے 300 جید علماء و مشائخ نے ریاست کیخلاف برسرپیکار تمام مسلح گروہوں سے احترام رمضان میں تخریبی کارروائیاں بند کرنے اور ہتھیار ڈالنے کی اپیل کردی۔ علماء و مشائخ نے اپنی اجتماعی اپیل میں کہا کہ رمضان المبارک ہدایت اور خیر کا مہینہ ہے۔ ریاست کیخلاف برسر پیکار تمام مسلح گروہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اپنی تخریبی کارروائیاں بند کرنے اور ہتھیار ڈالنے کا اعلان کریں۔ اسلامی ریاست اور نہتے لوگوں کیخلاف ہتھیار اٹھانا کبیرہ گناہ ہے۔ اسلام امن کا علمبردار اور اخترام انسانیت سکھاتا ہے اس لئے اسلام کے ماننے والے امن پسندی کا راستہ اختیار کریں۔ طالبان کی سرکشی اور ہتھیار نہ ڈالنے کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے لاکھں لوگ بے سروسامانی کے عالم میں اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مذہب کی قوت کو خیر کے لئے استعمال کیا جائے۔ طالبان کے اساتذہ اور ہم مسلک علماء انہیں ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کریں۔ اسلام اور جہاد کے نام پر قتل و غارتگری فساد فی الارض کا باعث بن رہی ہیں۔ بم دھماکوں اور خود کش حملوں سے دنیا بھر میں اسلام، علمائے کرام اور دینی مدارس کا تشخص بدنام ہو رہا ہے۔ علماء و مشائخ نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ملک میں مذہبی خونریزی اور انتشار چاہتی ہیں۔ پاکستان اس وقت داخلی اور خارجی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ ملک دشمن عالمی سازشوں کے توڑ کیلئے اعتدال کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ مرکز اہلسنت سے جاریکردہ اعلامیہ میں علماء و مشائخ نے کا کہ نفاذ شریعت کے مطالبے پر کوئی اختلاف نہیں ہے لیکن بندوق اور خود کش حملوں کے زور پر کسی کو خود ساختہ شریعت نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجتماعی اپیل کرنیوالے علماء و مشائخ میں مفتی محمد عارف چشتی، مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی محمد شرف الدین صدیقی، پیر غلام مرتضیٰ شاکر، صاحبزادہ عطاالرحمن دھنیال، علامہ خلیل الرحمن چشتی، پیر سید وسیم الحسن نقوی ایڈووکیٹ، پیر سید عابد حسین شاہ، علامہ مجاہد الرسول خان، مفتی ربنواز جلالی، علامہ شفاقت ہمدمی، مفتی حسیب احمد قادری، علامہ حافظ رمضان قادری، علامہ ریاض قادری، مفتی قاضی سعیدالرحمن ، مفتی غلام مرتضیٰ مجددی، مفتی محمد حسیب عطاری، مفتی محمد احسن نقیبی اور دیگر شامل ہیں۔
سنی تحریک/ علماء بورڈ

ای پیپر-دی نیشن