• news

پنجاب میںسی این جی سٹیشن پیر اور جمعرات کو صبح 6 سے دوپہر 3 بجے تک کھلیں گے

لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی)  پنجاب میں رمضان المبارک کے دوران سی این جی سٹیشنز کھولنے کے اوقات تبدیل کر دئیے گئے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں سی این جی سٹیشنز پیر اور جمعرات کو صبح 6سے دوپہر 3بجے تک کھلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلئے سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی کے دورانیے میں کمی کر دی جبکہ سوئی سدرن نے بھی شیڈول میں تبدیلی کردی۔ ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق نئے شیڈول کے مطابق سی این جی سٹیشنز کو پنجاب میں پیر اور جمعرات کے روز صبح چھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک گیس فراہم ہو گی ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سی این جی سٹیشنز کو پیر کی صبح چھ بجے سے منگل کی صبح چھ بجے اور جمعرات کی صبح چھ بجے سے بدھ کی صبح چھ بجے تک گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ میں سی این جی سٹیشنز منگل، جمعرات اور ہفتے کے روز بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ ایس این جی پی ایل نے صوبہ پنجاب میں ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کونو گھنٹے گیس سپلائی کا جو شیڈول جاری کیا یہ شعبہ اور عوام کے خلاف سازش ہے، پورے ہفتے میںصرف اٹھارہ گھنٹے گیس سپلائی ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سے سی این جی کی صنعت اخراجات کے بوجھ تلے دب کر ختم ہو جائے گی۔ ہم اس شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے ، اس سے چھ لاکھ گاڑیاں، پچاس ہزار ملازمتیں اور اربوں کی سرمایہ کاری متاثر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم میں گیس کی کوئی کمی نہیں مگر ہماری گیس بااثر شعبوں کو دے کر انکا منافع بڑھایا جا رہا ہے جبکہ ہمیں اور عوام کو سزا دی جا رہی ہے ۔
سی این جی سٹیشن

ای پیپر-دی نیشن