دھاندلی کا کوئی الزام لگا نہ ہی خیبر پی کے اسمبلی توڑیں گے: پرویز خٹک
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پی کے اسمبلی نہیں توڑ رہے جبکہ پی کے اسمبلی پر دھاندلی کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خیبر پی کے اسمبلی پر دھاندلی کا الزام لگائے تو ہم سارے حلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ آئی ڈی پیز کیلئے پشاور میں کل جماعتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے واضح ہو گیا ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں اور سماجی وکاروباری لوگ شمالی وزیرستان کے آپریشن متاثرین کی مدد کیلئے دل وجان سے ایک ہیں انہیں کسی بھی مرحلے پر تنہائی کا احساس نہیں ہونے دینگے۔ اب ہمارا اگلا لائحہ عمل ان کے قیام اور دیکھ بھال کے انتظامات کو بہتر اور منظم بنانا ہے جس کیلئے پوری سرکاری مشینری کو فعال بنا دیا گیا ہے۔ تاہم لاکھوں بے گھر متاثرین کی اچانک آمد اور دیکھ بھال کا بندوبست بھی ایک مشکل ترین مرحلہ ہے جس کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ وسائل اور رضاکاروں کی اشد ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ کسی بھی انسانی المیے سے بچنے کیلئے پورے ملک کے فلاحی اور خیراتی ادارے اور رضاکار آئی ڈی پیز کی بہتر دیکھ بھال میں ہماری مدد کریں۔ امہ ویلفیئر ٹرسٹ اور عمران خان فائونڈیشن کے وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر امہ ویلفیئر ٹرسٹ نے آئی ڈی پیز کیلئے 40 کروڑ روپے کے عطیے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ ادارہ ضلع بنوں میں آئی ڈی پیز کیلئے خیمہ بستی بھی قائم کرنا چاہتا ہے۔
پرویز خٹک