آئی سی سی نے 2016 سے 2023 تک کے میگاایونٹس بگ تھری کو دیدیئے
دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2016 سے 2023 تک میگاایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کردیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تمام میگاایونٹس کی میزبانی کرکٹ کے چوہدریوں بگ تھری کے حوالے کردی ہے جس کے تحت تمام بڑے مقابلوں کے میزبان بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا ہوں گے۔ آئی سی سی کے مطابق 2016 میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بھارت جبکہ 2017 میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔اس کے علاوہ 2019 میں ہونے والا ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ 2020 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میلا آسٹریلیا میں سجے گا۔ چمپئنز ٹرافی 2021 اور کرکٹ کے عالمی مقابلے ورلڈ کپ 2023 کا دنگل بھی بھارت میں ہی ہوگا۔