ورلڈ کپ پہلا ہدف ، تیاری کر لیں گے‘ بیٹنگ مسائل پر قابو پا لیا جائے گا: وقار یونس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کو وقت لگے گا ۔ ایک دو ماہ میں بیٹنگ مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ 2015ء کا عالمی کپ پہلا ہدف ہے۔ سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز کو آسان نہیں لیا جائیگا۔ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں 10 ماہ کا وقت باقی ہے، میگا ایونٹ تک پوری تیاری کر لینگے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں‘ عالمی کپ کیلئے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کو فائنل کیا جائیگا۔ قوم کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگاماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔ مصباح الحق نے اچھی کپتانی کی ہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن نے اچھا پلان تیار کر رکھا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو پلان کے تحت کھلانا ہے تاکہ میگا ایونٹ ورلڈ کپ سے پہلے کھلاڑیوں کو انجریز سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔