الیکشن کمشن کی خواتین ووٹرز کی شرح میں اضافے کی تجویز
اسلام آباد(راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) الیکشن کمیشن نے انتخابات میں خواتین کی شمولیت کی شرح میں اضافے کو یقینی بنانے کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ایسے تمام حلقوں کے نتائج روکنے کی تجویز دے دی ہے جس میں خواتین ووٹرزکی شرح 10فیصد سے کم ہوگی، سٹریٹجک پلان 2014-18 میں الیکشن کمیشن نے تجویز دی ہے کہ ملک میں انتخابی سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اس میں خواتین کی بھرپور شمولیت ہو، الیکشن 2013میں متعدد حلقوں میں خواتین ووٹرز کی شرح مایوس کن رہی، قومی اسمبلی کے 10سے 15ایسے حلقے تھے جن میں خواتین ووٹرز کی شرح 0سے 2فیصد رہی، الیکشن کمیشن نے تجویز دی ہے کہ اگرکسی سیاسی پارٹی کا امیدوار یا کارکن خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکے گا تو اسے نااہل قراردے دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ الیکشن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون کے متعدد حلقوںمیں خواتین ووٹرز کی شرح انتہائی کم رہی، انتخابی اصلاحات کی تیاری کے موقع پر خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شمولیت کی حمایت تمام سیاسی پارٹیوں نے کیں مگر بلوچستان کے نمائندوںنے یہ اعتراض اٹھایا کہ بلوچستان میں کئی ایسے حلقے ہیں جہاں خواتین ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے گھروں سے باہر نہیں نکلتیں اور اگر ان تجاویز پر عمل درآمد کیا گیا تو پھر بلوچستان سمیت ملک کے متعدد حلقے امیدواروں کے بغیر رہ جائیں گے۔