کینٹ میں رمضان بازار لگانے پر کنٹونمنٹ اور ضلعی انتظامیہ میں اختلافات
لاہور (سپیشل رپورٹر) کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے کینٹ میں عزیز بھٹی ٹائون کو سستا رمضان بازار لگانے کی اجازت نہیں دی جس پر ڈی سی او لاہور نے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے کنٹونمنٹ کے علاقے میں دو رمضان بازار لگانے کیلئے مدد طلب کر لی جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس کے بغیر وہ رمضان بازار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رمضان بازار لگانے پر شدید اختلافات پیدا ہو گئے جس پر ڈی سی او لاہور نے ہوم سیکرٹری پنجاب سے مدد طلب کر لی۔ ڈی سی او نے ہوم سیکرٹری کو لیٹر لکھا ہے اس میں کہا ہے کہ حکومت نے شہر میں عوام کو صاف ستھری اور کم قیمت پر ضرورت کی اشیاء کی فراہمی کی ہدایات جاری کی تھیں۔ لاہور شہر میں 24 رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو بھی عزیز بھٹی ٹائون کی انتظامیہ نے لیٹر لکھا تھا کہ ان کو باب پاکستان والٹن روڈ، صنم گرائونڈ بیدیاں روڈ پر رمضان بازار لگانے کیلئے شدید پریشر ہے جس پر وہ کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بات کر کے وہاں پر سستے رمضان بازار لگانے کی اجازت دیں۔