حکومت کی مشکلات میں اضافہ، عمران کے بعد طاہر القادری بھی مارچ کا اعلان کرسکتے ہیں
لاہور (جواد آر اعوان / نیشن رپورٹ) موجودہ حکومت کے لئے اپوزیشن کی طرف سے مزید مشکلات پیدا ہونے کا امکان ہے۔ نیشن کے مطابق تحریک انصاف نے 14 اگست کو سونامی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جبکہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری بھی اگست کے مہینے میں ہی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ طاہر القادری کی ہم خیال جماعتوں کے مطابق سانحہ لاہور کے خلاف احتجاج کے طور پر وہ جلد لانگ مارچ کا اعلان کریں گے۔ اس حوالے سے شیخ رشید نے نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری جلد مارچ کا اعلان کریں گے اور اس کی تاریخ بھی تحریک انصاف کے مارچ کے قریب ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ مل کر مارچ کریں کیونکہ الگ الگ مارچ کامیاب نہیں ہوسکتے۔ مارچ کے نتیجہ میں ہونے والی تبدیلی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن یا نگران حکومت کا قیام دونوں آپشنز ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے مارچ میں شرکت کرنے والوں کو ویلکم کہیں گے تاہم حکومت نے 14 اگست تک دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی اقدامات نہ کئے تو اپنا لائحہ عمل اختیار کریں گے تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس دوران اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع نے نیشن کو بتایا کہ اپوزیشن کی طرف سے مارچ کی صورت میں آنے والی تبدیلی میں نگران حکومت کا قیام اور مڈٹرم الیکشن آپشنز ہیں تاہم مڈٹرم زیادہ مضبوط آپشن نہیں ہے۔