• news

شیخ رشید استعفیٰ دینے کیلئے عمران کی بجائے ’’مقتدر خان‘‘ کی جانب دیکھیں گے: حافظ حسین

اوکاڑہ (آئی این پی) جمعیت علماء  اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شیخ رشید استعفیٰ دینے کیلئے عمران خان کی بجائے’’مقتدر خان‘‘ کی جانب دیکھیں گے‘ طاہر القادری کی تحریک ’’اوریجنل‘‘ نہیں‘ اس لئے تحریک کی ’’گرمائش اور ٹھنڈک‘‘ کا انحصار کسی اور کے ’’احکامات‘‘ پر ہو گا‘ عمران خان کا مارچ ’’لانگ‘‘ نہیں ہو گا‘  پشاور اور پنڈی والوں کے مابین ’’اب فاصلے‘‘  زیادہ نہیں رہے۔
 حافظ حسین احمد نے کہا شیخ رشید بڑے دلچسپ آدمی ہیں پہلے انہوں نے اپنے استعفے کو ڈالر سے منسلک کیا اب وہ اسکو ’’ڈالر مین‘‘ سے منسلک کر رہے ہیں۔ منسلک کرنا اپنی جگہ لیکن وہ استعفے کے لئے عمران خان کی بجائے ’’مقتدر خان ‘‘ کی طرف دیکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ’’احکامات‘‘ کے تحت شروع کروائی جانے والی قادری تحریک اوریجنل نہیں۔ جب اس تحریک کو گرمانا ہوتا ہے تو اسلام آباد ائیر پورٹ پر ’’گرم‘‘ ماحول پیدا کر دیا جاتا ہے اور جب معاملہ ’’ٹھنڈا‘‘ کرنا ہوتا ہے تو لاہور ائیر پورٹ پر ’’ٹھنڈا‘‘ منظر بنا دیا گیا۔ اب جب بھی ماحول کو مزید ٹھندا کرنا ہوا تو قادری ٹھنڈے ملک کینیڈا تشریف لے جائیں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل سیاستدانوں کے علاوہ ہر قسم کے سیاستدان آجکل ’’امید سے ہیں‘‘ ان میں چودھری برادران بھی شامل ہیں۔ پرویز مشرف ’’سویوں‘‘ والی عید تو پاکستان میں کریں گے البتہ قربانی کے لئے انہیں باہر جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا بی بی کہ میاں اور پنجاب کے میاؤں کی دوستی پکی ہے۔ اقتدار کے بعد اب دونوں کی پکڑ بھی اکٹھے ہی ہو گی۔
حافظ حسین احمد

ای پیپر-دی نیشن