• news

شاہ عبداللہ کی عراقیوں کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد

ریاض(آن لائن)سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے تشدد سے متاثرہ عراقیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 50 کروڑ ڈالرز کی امداد جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے سرکاری خبررساں ایجنسی  کو بتایا ہے کہ یہ رقم اقوام متحدہ کے ذریعے تشدد سے متاثرہ ضرورت مند اور بے گھرہونے والے عراقیوں میں نسل ،مذہب ،عقیدے یا فرقے سے بالاتر ہوکر تقسیم کی جائے۔ اس عہدے دار نے مزید بتایا ہے کہ ''اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بین کی مو  ن کو  اس امدادی رقم کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔یہ رقم صرف عراقی عوام کے لیے ہے اور اقوام متحدہ کے تحت اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔سعودی مملکت متاثرہ برادر عراقی عوام کے تمام طبقات تک اس امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی ۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں میں اس سال اب تک تشدد کے واقعات کی وجہ سے قریباً بارہ لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔عراق کے شمالی صوبوں میں گذشتہ تین ہفتوں کے دوران القاعدہ کی ہم نوا جنگجو تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی وزیراعظم نوری المالکی کی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور وہ داعش اور عراقی فوج کے درمیان جاری لڑائی میں جانیں بچانے کے لیے اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن