ذخیرہ اندوزوں‘ ناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم عوام کا مفاد عزیز ہے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ کی گئی اشیاء گوداموں سے باہر لانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ عوا م کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ عام آدمی کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور منافع کے نام پر کسی صورت عوام کا استحصال نہیں ہونے دوں گا۔ وہ گذشتہ روز رمضان بازاروں میں پھلوں، سبزیوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے سے متعلق صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا ہے اور اس پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر 5ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے گھی، دالیں، چینی، سبزیاں، مرغی کا گوشت، پھل اور دیگر اشیاء بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ اوپن مارکیٹ سمیت رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی کے نظام اور سبزیوں، پھلوںکی کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ آلو، ٹماٹر اور دیگر اشیاء کی مارکیٹوں اور رمضان بازاروں میں ضرورت کے مطابق دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اوپن مارکیٹ میں اشیاء کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔ ڈی سی او اورڈی پی او اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور صارفین کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی سماجی ومعاشی ترقی کے لئے خلائی ٹیکنالوجی کا استعمال نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سیٹلائٹ ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس ایپلیکیشنزکے ذریعے مختلف شعبوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ سپارکو نے چند برس کے دوران سیٹلائٹ انجینئرنگ اور سپیس ٹیکنالوجی ایپلیکیشنز میں نمایاں ترقی کی ہے اور مختلف شعبوں کی بہتری میں خلائی ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی سود مند اور قابل تعریف ہے۔ پنجاب حکومت مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے۔ سپارکو اور پنجاب حکومت کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر، سپارکو (SUPARCO) کے دورہ کے موقع پر بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ترقی اورملک کو معاشی و اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ ڈینگی کے خلاف جنگ ہو یا رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ، صحت عامہ کے پروگرام ہوں یا تعلیمی اصلاحات حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے۔ لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز ڈکرنے کا پروگرام بھی جدید ٹیکنالوجی کی استعمال کی عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور سپارکو کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے تا کہ سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو سکے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سٹیلائٹ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر اور اینٹی گریٹڈ سمبلڈ ہال کا دورہ کیا اور خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لیا۔
شہباز شریف