آئی ڈی پیز کی سندھ آمد، 12 قومیت پرست جماعتوں کا 9 جولائی سے احتجاجی تحریک کا اعلان
کراچی (نوائے وقت رپورٹ/ ایجنسیاں) سندھ کی 12 قومیت پرست جماعتوں نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی سندھ میں آمد کے خلاف 9 جولائی سے سات روزہ احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔ قومیت پرست رہنما جلال محمود شاہ کے گھر پر قومیت پرست جماعتوں کے رہنمائوں نے تحریک چلانے کا یہ فیصلہ کیا۔ جلال محمود شاہ نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو محدود علاقوں میں رکھا جائے۔ سندھ میں نہ آنے دیا جائے۔ ان جماعتوں نے اعلان کیا کہ تحریک 9 جولائی سے کشمور میں دھرنے سے شروع کی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق مشترکہ پریس کانفرنس میں ان جماعتوں نے سندھ بچائو کمیٹی بحال کرتے ہوئے سندھ میں شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی صوبے میں آبادکاری کے خلاف 7 روزہ احتجاج کا اعلان کیا۔ اجلاس میں جئے سندھ قومی محاذ کے ڈاکٹر نیاز، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے اسلم شاہ، جئے سندھ تحریک کے شفیع کرنانی، جئے سندھ محاذ کے عبدالخالق جونیجو، عوامی جمہوری پارٹی کے کرم وسان، جسقم ( آریسر) کے میر عالم مری، جئے سندھ محاذ کے ریاض چانڈیو، سندھ نیشنل موومنٹ کے اعجاز سامیٹو، جئے سندھ تحریک کے عبدالفتاح چنہ اور دیگر موجود تھے۔ سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سے قبل وفاقی حکومت کو خیبر پی کے حکومت سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔ 9جولائی کو ڈیر موڑ کشمو اور اباوڑو، 10 جولائی کو کند ھ کوٹ اور ڈھرکی،11 جولائی کوگھوٹکی اور شکار پور ،12 جولائی کو رتو ڈیرو،13 جولائی کو خیر پور اور لاڑکانہ ،14 جولائی کو فیض گنج اور 15 جولائی کو سکرنڈ میں دھرنے دیئے جائیں گے۔ پہلے سوات کے متاثرین کو لا کر یہاں پر بسایا گیا وہ ابھی تک مکمل طور پر واپس نہیں گئے ہیں اور اب شمالی وزیرستان کے متاثرین کو یہاں لا کر سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں۔
قومیت پرست جماعتیں/ تحریک