مولانا انقلاب کا تابوت لیکر جلد کینیڈا چلے جائیں گے: رانا مشہود
لاہور ( خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ کینیڈین مولانا غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں پولیس کو حکومتی احکامات نہ ماننے پر اکسانا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، مولانا انقلاب کا تابوت لے کر جلد کینیڈا روانہ ہو جائیں گے اور چوہدری برادران ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے مولانا طاہر القادری کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے غیور عوام غیر ملکی شہری کی سازش کو ناکام بنا دیں گے اور وہ اپنے مردہ انقلاب سمیت کینیڈا لوٹ جائیں گے۔ مولانا کے انداز گفتگو کو کسی طور مہذ ب نہیں کہا جاسکتا وہ جوش خطابت میں اخلاقی اقدار کو پامال کررہے ہیں ان کی گفتگو، دعوے اور نعرے کسی مزاح سے کم نہیں۔ مولانا کا انقلاب دم توڑ چکا ہے وہ اپنی پے در پے ناکامیوں سے حواس باختہ ہوچکے ہیں کیونکہ عوام ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ چوہدری برادران طاہر القادری کی ترجمانی کرکے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔
رانا مشہود