• news

کراچی میں تحریک طالبان کے چالیس گروپ سگرم روزانہ ایک سے دو ارب بھتہ وصولی کا انکشاف

کراچی (آئی این پی )کراچی میں کالعدم تحریک طالبان کے 40 گروپوں کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تحریک طالبان سواتی گروپ کے 150 سے زائد دہشت گرد شہر قائد میں موجود ہیں۔ رپورٹس کے مطابق  اس وقت کراچی میں  طالبان سب سے زیادہ بھتہ وصولی  میں سرگرم ہیں اور شہر سے   ایک سے دو ارب بھتہ وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔  پولیس حکام کے مطابق شہر قائد کا امن تباہ کرنے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 40 گروپ ملوث ہیں۔ ہر گروپ نے اپنا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بنا رکھا ہے۔ یہ گروپ  پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ تھانوں پر بھی حملے کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سواتی گروپ کے یہ خونخوار دہشت گرد صرف اپنے ساتھیوں کے ساتھ منسلک ہیں۔ یہ کسی دوسرے گروپ کے ساتھ مل کر کام نہیں کرتے جس کے باعث ان کے بارے میں معلومات انتہائی مشکل سے ملتی ہیں۔ شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن سے سواتی گروپ کا نیٹ ورک تباہ ہوا لیکن ختم نہ ہو سکا۔ اب بھی یہ سفاک قاتل روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں لے جانے کیلئے سرگرم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب ان دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت سواتی اور دیگر گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن