• news

خیبر پی کے میں لوگوں پر گولی چلانے والے کو پھانسی دے دیتا: پرویز خٹک

اسلام آباد (وقت نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے خیبر پی کے اسمبلی توڑنے کا کوئی ارادہ نہیں‘ عبدالقادر بلوچ کو آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے  بنوں میں بیٹھنا چاہئے۔ لاہور میں پولیس اہلکار کو سو روپے رشوت دی‘رمضان میں ہمارے صوبے میں مہنگائی نہیں بڑھی‘ ہمارے صوبے میں پولیس اہلکار نے عام لوگوں پر گولی چلائی ہوتی تو پھانسی دے دیتا۔وقت نیوز کے پروگرام ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا عمران خان نے خیبر پی کے اسمبلی توڑنے کی کبھی بات نہیں کی اورنہ ایسا کوئی ارادہ ہے‘ اسمبلی توڑنے اور حکومت سے نکلنے میں فرق ہے۔ انہوں نے کہا ہم صوبے میں ہسپتالوں کا نظام ٹھیک کرنے پر توجہ دے رہے ہیں‘ پورا نظام خراب ہو تو نوے روز میں ٹھیک کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز نے اپنی اپنی دکانیں چمکا رکھی ہیں اور وہ دکانیں بند ہونے کے خوف سے ترقی بھی نہیں لے رہے‘ ہم انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو الگ الگ کرکے ہسپتالوں کو بااختیار بنا رہے ہیں کیونکہ اس کے بغیر صحت کے شعبے کو ٹھیک کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا جتنی پالیسیاں ایک سال میں ہم نے بنائیں اتنی ماضی میں کسی نے نہیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر مہتاب سے اچھے تعلقات ہیں اور آپریشن اور آئی ڈی پیز کے لئے اچھے تعلقات رکھنا ضروری ہیں۔انہوں نے کہا وفاق چار حلقے کھول دے تو دھاندلی کا پتہ چل جائے گا اور دھاندلی نہیں ہوئی تو پھر مسلم لیگ ن کے ایم این اے حکم امتناعی کیوں لے رہے ہیں۔انہوں نے چیلنج کیا  اگر کسی کو خیبرپی کے میں دھاندلی کا شک ہے تو وہ عدالت جائے یا پھر حلقے کھولنے کی بات کرے وہ سب سے پہلے اپنا حلقہ کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا آئی ڈی پیز کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے تاہم ان کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں ہم نے آئی ڈی پیز کو تین سو بسوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ مہیا کی۔ انہوں نے کہا  عبدالقادر بلوچ آئی ڈی پیز کے انچارج ہیں اور ان کو اسلام آباد کی بجائے بنوں میں بیٹھنا چاہئے کیونکہ ابھی تک اس حوالے سے انہوں نے مجھ سے بھی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا عمران خان اتوار کو بنوں جائیں گے گزشتہ ہفتے وزیراعظم کے دورہ بنوں میں اس مسئلے پر تفصیلی بریفنگ ہوئی تاہم وزیراعظم کی طرف سے بیس ہزار کے اعلان کے بعد اشتہارات میں پندرہ ہزار کا ذکر کرنے پر ہم بھی کنفیوژ ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم پنجاب میں کوئلہ اور تھرمل کے پراجیکٹس لگا کر مہنگی بجلی کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ وہ ہمارے صوبے میں پن بجلی پر توجہ دیں تو ہزاروں میگاواٹ کی سستی بجلی بنائی جاسکتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا لاہور میں موٹر وے کے قریب پولیس نے ان کو روک کر لنگر مانگا  تھا جبکہ ماضی میں وہ ایک بار لاہور میں ہی ایک پولیس اہلکار کو سو روپے رشوت دے چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا وہ عمران خان کا ساتھ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور عمران خان نے استعفیٰ مانگا تو وہ مستعفی ہوجائیں گے۔آئی این پی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے مطالبہ کیا وزارت پانی و بجلی اپنا نظام درست کرے۔ خیبر پی کے میں ناروا لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اور بجلی کے فرسودہ نظام کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، عابد شیرعلی پختونوں کو گالی دینے کی بجائے اپنے محکمے کے چوروں اور لٹیروں کا محاسبہ کریں اور اپنی وزارت پر توجہ دیں۔ واپڈا نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام اس کے خلاف لانگ مارچ پر مجبور ہو جائیں گے اور میں خود اس لانگ مارچ کی قیادت کروں گا۔ عابد شیرعلی قوم کو سمجھانے کی بجائے الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے واپڈا کے تمام سٹورز کے خلاف انکوائریاں شروع کیں جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر نہیں مل رہے اور لوگ رمضان کے مہینے میں شدید گرمی میں بجلی کو ترس رہے ہیں۔
پرویز خٹک

ای پیپر-دی نیشن