• news

مقبوضہ کشمیر: پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں جھڑپ‘ 2 بھارتی فوجی ہلاک‘ 3 مجاہد شہید

سرینگر/ پونچھ (نیوز ایجنسیاں + بی بی سی)  بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیر سے قبل پونچھ سیکٹر میں مجاہدین کے ساتھ خونریز جھڑپ میں 2 بھارتی فوجی ہلاک،  جبکہ 3 مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں خونریز تصادم ہوا۔ فوجی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ10 کے قریب جنگجو روشنی نالہ میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک کوئی بھی لاش برآمد نہیں کی گئی ہے۔ بھارت کے دفاعی ترجمان کرنل منیش مہتا کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورے  سے قبل مقبوضہ کشمیر میں 24 گھنٹوں کے اندر  دراندازی کی  2 کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔ چودہ افراد کاگروپ آزاد کشمیر سے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں داخلے کی کوشش کر رہا تھا۔ بڈگام ضلعے میں ہزاروں ایکڑ زمین پر پھیلی ایک فوجی تربیت گاہ کے خلاف مقامی افراد نے احتجاجی تحریک شروع کی ہے۔  فوج کی اس فائرنگ رینج کی زد میں درجنوں آبادیاں ہیں جہاں گذشتہ برسوں کے دوران متعدد افراد بارود پھٹنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک تازہ واقعے میں ایک سات سالہ لڑکی ماری گئی جبکہ اس کا بھائی زندگی بھر کیلئے اپاہج ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن