• news

حکومتی رویہ سے لگتا ہے مردم شماری آئندہ 2 سال میں بھی نہیں ہو گی: قائمہ کمیٹی

اسلام  آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے ملک بھر میں مردم شماری  میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 سالوں سے پورا ملک اندازوں پر چل رہا ہے‘  بجٹ ہوا میں بنائے جاتے ہیں‘ حکومتی رویے سے تو یہی لگتا ہے کہ مردم شماری  اگلے دو سالوں میں بھی  نہیں ہو گی، کمیٹی  کا مردم شماری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قانون سازی کا فیصلہ، شماریاتی ڈویژن کے چیف آصف باجوہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے تو سکیورٹی کے بغیر نہیں جا سکتے، مردم شماری بھی فوج کے بغیر ممکن نہیں دو لاکھ فوجیوں کی فراہمی کیلئے آرمی حکام کو خط لکھ دیا ہے، شماریاتی ڈویژن مردم شماری کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہے حکومت جیسے ہی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے،  وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ  اعجاز چودھری نے کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان میں  امن و امان کی خراب  صورتحال  کی وجہ سے مردم شماری تاخیر کا شکار ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں مردم شماری کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، سنوکر چیمپئن محمد آصف اور محمد سجاد کو اعلان کردہ  دس لاکھ کی  انعامی رقم  سات جولائی تک دیدی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس سنیٹر فرح عاقل کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا اجلاس میں اراکین کمیٹی سیکرٹری وزارت اعجاز احمد چودھری، شعبہ شماریات اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خدام الحجاج کی سلیکشن مکمل میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور کسی صوبے کا کوٹہ دوسرے صوبے کو نہیں دیا گیا۔ اس حوالے سے شکایات درست نہیں ہیں ملک بھر میں کل سات حاجی کیمپ بنائے گئے ہیں جس میں خدام الحجاج کو تربیت دی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن