• news

واپڈا کی عدم دلچسپی کے باعث دیامربھاشا ڈیم کیلئے زمین حاصل نہیں کی جاسکی: برجیس طاہر

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی زمین کے حصول میں ناکامی کی سب سے بڑی وجہ واپڈا کا رویہ اور منصوبے میں عدم دلچسپی ہے، واپڈا دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور زمین کے حصول کیلئے فنڈز جلد از جلد ریلیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2010ء کے معاہدے کی روشنی میں ڈیم کیلئے زمین کے حصول کا مرحلہ دسمبر 2013ء میں مکمل ہو جانا چاہئے تھا۔ چھ ماہ کا اضافی وقت بھی دیا گیا لیکن معاملات جوں کے توں رہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رقم ریلیز کئے جانے کے باوجود واپڈا مطلوبہ رقم گلگت بلتستان حکومت کو فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ وفاقی وزیر نے حکومت گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ زمین کی ادائیگیوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس اہم منصوبے پر کام شروع کیا جا سکے۔ ڈیم کیلئے زمین کے حصول کو اگلے چھ ماہ میں یقینی بنانے کیلئے سیکرٹری پانی و بجلی کی زیرصدارت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کمیٹی میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور چیئرمین واپڈا بطور ممبر شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی آئندہ پندرہ روز میں اپنی سفارشات مرتب کر کے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو پیش کرے گی۔ ان سفارشات کو حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم پاکستان کو پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن