سرگودھا: حادثے میں سابق ہاکی اولمپیئن عابد سلیم، اہلیہ، 2 بیٹیوں ، ڈرائیور سمیت جاں بحق
سرگودہا+ لاہور (نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) لاہور روڈ پر تیز رفتار کار الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں کار مکمل تباہ ہوگئی۔ سرگودھا استقلال آباد کے سابق ڈپٹی میئر حاجی طارق کے بھائی اور سابق ہاکی اولمپیئن عابد سلیم اپنی اہلیہ عابدہ بیگم، بیٹی سیما ہمایوں، اقراء اور ڈرائیور کامران کے ساتھ رات 3بجے لاہور سے واپس آرہے تھے کہ چک 88جنوبی کے قریب ڈرائیور کو اونگھ آجانے اور تیز رفتاری کے باعث کار ڈیوائیڈر کراس کرتے ہوئے سڑک کے دوسری جانب درختوں سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مرحوم عابد سلیم گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے اور دوروز قبل ان کی بیٹی سیما ہمایوں نے انہیں اپناگردہ دیا جو وہ ٹرانسپلانٹ کروانے کے بعد لاہور سے واپس آرہے تھے۔ نماز جنازہ میں شہر کے سیاسی و سماجی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سرگودھا کے قریب ٹریفک حادثے میں سابق اولمپیئن عابد سلیم، ان کی اہلیہ اور دو بیٹیوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔