• news

حافظ آباد: معمولی تنازعہ‘ بااثر افراد نے محنت کش کے 2 سالہ بچے کو ٹریکٹر تلے کچل دیا‘ پائون کٹ گئے

حافظ آباد، لاہور (نمائندہ نوائے وقت + خصوصی رپورٹر) با اثر افراد نے معمولی تنازعہ پر محنت کش کے دو سالہ بچے کو ٹریکٹر تلے کچل دیاجس سے بچے کے دونوں پائوں کٹ گئے، ملزمان بچے کو مٹی میں دبا کر فرار ہو گئے۔دیہاتیوں نے بچے کو مٹی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔ نواحی گائوں دھنی کے رہائشی محمد ارشد اور اسکی بیوی کا کہنا ہے کہ گائوں کے با اثر ملک نعیم اور رانا اعجاز نے انکے گھر کے سامنے مچھلی فارم بنایاجس پر دونوں میاں بیوی نے انہیں کہیں اور مچھلی فارم بنانے کا کہا لیکن وہ نہ مانے جس پر دونوں میں تنا زعہ شروع ہو گیا۔محمد ارشد کا کہنا ہے کہ اس کا دو سالہ بیٹا حاشر عبداللہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا جسے با اثر ملزمان ملک نعیم اور رانا اعجاز نے ٹریکٹر تلے کچل دیا جس سے اسکے دونوں پائوں کٹ گے۔ملزمان بچے کو مٹی میں دبا کر فرار ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی اسی مچھلی فارم میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے لیکن ملزمان چونکہ بااثر ہیں اسلئے وہ اس مچھلی فارم کو نہ ہی ختم کر رہے ہیں اور نہ ہی اس کے گرد کوئی حفاظتی دیوار بنا رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہسپتال کے آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر مبشر سرفراز کا کہنا ہے کہ متاثربچے حاشر عبد اللہ کاعلاج کیا جا رہاہے تاہم اُسکے زخم ٹھیک ہونے میں ایک ماہ لگ سکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک نے بچے کی عیادت کے موقع پر کہا کہ ملزمان کیخلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تا ہم ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ معصوم بچے پر ظلم کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مضروب بچے کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن