عوامی شکایات پر 3 خواتین سمیت 7 سول جج برطرف
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ ثناء نیوز ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس خواجہ امتیاز نے عوامی شکایات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سول کورٹس کے 7 ججز کو برطرف کردیا ہے جنکی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ برطرف ججز کے خلاف پنجاب کے مختلف اضلاع سے شکایتیں موصول ہوئیں تھیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامیہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں عوامی شکایات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس کے دوران سول کورٹ کے 7 ججز کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار پایا گیا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس خواجہ امتیاز نے ساتوں ججز کو فوری برطرف کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ یہ کارروائی پنجاب سرول سرونٹ ایکٹ 1974ء کے سیکشن 10 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ رجسٹرار ہائیکورٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی عدلیہ کے جن ججز کو ان کے عہدوں سے برخاست کیا گیا ہے ان میں ندیم احمد ندیم جلالپور پیروالہ، محمد امجد سیالکوٹ، مظفر حسین چنیوٹ، مس ظل ہما لاہور، قمر زمان تارڑ سرگودھا، مس بشریٰ فرید چیچہ وطنی اور مس صائمہ آصف گوجرانوالہ شامل ہیں۔ ہائیکورٹ ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک آدھ جج کو کارکردگی کی بناء پر نوکری سے نکالا جانا تو عام بات ہے لیکن شاید اتنی بڑی تعداد میں اس سے قبل کبھی ججوں کو نوکری سے نہیں نکالا گیا۔