• news

میرانشاہ کا 40 فیصد علاقہ کلیئر کرا لیا گیا‘ بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی شہید‘ بنوں: آی ڈی پیز کیمپ میں بھگدڑ‘ لاٹھی چارج

میران شاہ+ بنوں (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔ پاک فوج نے میران شاہ کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جبکہ فوجی کارروائی میں صدر مقام میرانشاہ کا 40 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے کلیئر کرا لیا گیا ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں ملک کے اندر نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد پونے چھ لاکھ تک پہنچ گئی۔ میرانشاہ کے قریب سڑک کے کنارے پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی شہید ہو گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے دوران کامیابیاں تیزی سے پاک فوج کے قدم چوم رہی ہیں۔ شدت پسندوں کی پناہ گاہیں تباہ کی جا رہی ہیں، میرانشاہ بازار کے قریب مزید چیک پوسٹیں قائم کر دیں، آپریشن کیساتھ ساتھ پاک فوج نے آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال میں بھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی، میرانشاہ میں بارودی سرنگوں کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا ہے، بارودی سرنگوں کا ذخیرہ 4 مکانات سے برآمد ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن والے علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ، دہشتگردوں کا محاصرہ مزید سخت کر دیا، ادھر بنوں میں آئی ڈی پیز کے کیمپ میں رجسٹریشن اور راشن پوائنٹس کم ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کیا جبکہ متاثرین نے پتھرائو کیا۔ بریگیڈیئر آفتاب نے کمشنر بنوں سید محسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کر کے بنوں اور دیگر مقامات پر آنے والوں میں 4ہزار 500سے زائد خاندانوں میں پاکستان آرمی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت تقریباً 4ہزار 500ٹن راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔ متاثرین شمالی وزیرستان میں راشن کی تقسیم کے آرمی کے تحت 6کیمپ لگائے گئے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت بھی 5ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ اب تک شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے 44ہزار 633 خاندان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں پاک فوج نے اپنے راشن کے کوٹے میں سے 40ہزار خاندانوں کے لئے راشن بنوں بھجوا دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے 50ہزار پیکجز فراہم کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری کنٹرول روم پشاورکی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کے دوران کل 45ہزار 254 خاندانوں اور5لاکھ 76ہزار 929 افراد کی رجسٹریشن کر ائی گئی ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ بڑی تعداد میں مویشی بھی لائے گئے ہیں۔ ضلع بنوں میں پی ڈی ایم اے نے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ہیں تاکہ ضلعی انتظامیہ کی ریلیف سرگرمیوں میں بھر پور مدد کی جا سکے۔ صوبائی حکومت نے اب تک پی ڈی ایم اے بنوں ریلیف کیمپس کیلئے 34کروڑ 90لاکھ روپے جاری کئے ہیں۔ علاوہ ازیں شدت پسندوں کے خلاف جاری فوجی کارروائی میں صدر مقام میرانشاہ کا 40 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے صاف کروا لیا گیا ہے۔ ایک فوجی اہلکار نے شمالی وزیرستان کے 40 فیصد علاقے کو شدت پسندوں سے کلیئر کروانے کی تصدیق کی ہے۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فوج کو اکا دکا فائرنگ، راکٹ حملوں یا بڑی تعداد میں خود ساختہ دھماکہ خیز مواد سے نمٹنا پڑ رہا ہے لیکن کسی بڑی مزاحمت کی ابھی اطلاعات نہیں ہیں۔ عسکری ماہرین کا کہنا ہے کم مزاحمت کا مطلب ہے کہ شدت پسند ابھی علاقے میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے تقریباً تمام سویلین آبادی کا انخلا مکمل ہو چکا ہے۔ امدادی اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کیلئے بنوں میں مرکزی دفتر قائم کرنے پر کام جاری ہے۔ فی خاندان رمضان پیکج کے طور پر 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ڈونرز کی طرف سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے ’’اوچا ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کا سلسلہ رک گیا ہے کیونکہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے تاہم یہ بات یقینی ہے کہ تقریباً تمام سویلین آبادی کا شمالی وزیرستان سے انخلاء مکمل ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں میرانشاہ کے قریب سرچ آپریشن کے دوران سڑک کے کنارے بم دھماکے میں ایک فوجی شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعہ کو بھی سڑک کے کنارے دھماکوں کیلئے استعمال ہونیوالا بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ بعدازاں شہید ہونیوالے فوجی نائیک فیض محمد کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی، نماز جنازہ کے بعد فیض محمد شہید کا جسد خاکی مانسہرہ کے آبائی گائوں  روانہ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ نائیک فیاض محمد شہید کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بارودی سرنگیں میرانشاہ کی گلیوں، گھروں میں موجود ہیں۔ میرانشاہ کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے میں وقت لگے گا۔ فورسز کے بہادر جوان تیزی سے علاقہ کلیئر کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن