آپریشن سے متاثر بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی جائے‘ ایک ایک پائی امانت سمجھیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج اس وقت پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے کی آزمائش سے گزرنے والے لاکھوں بہن بھائی ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مالی امداد کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ قائم کیا ہے اور حکومت پنجاب کی طرف سے اس ریلیف فنڈ میں 50 کروڑ روپے کی رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مدد کیلئے سب کو عملی میدان میں نکلنا چاہئے اور ان کی بھرپور مددکیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہئے۔ وہ گزشتہ روز ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے متعدد ٹرکوں کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی امدادی اشیاء بھی بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے بھجوائی ہیں۔ پنجاب کابینہ اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے بھی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ’’چیف منسٹر ریلیف فنڈ‘‘ میں جمع کرائی ہے۔ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کی جنگ کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا دینی، ملی اور قومی فریضہ ہے۔ میری صاحب ثروت، مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی ہے کہ بے گھر ہونے والے شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کی مدد کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں اور مشکل کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے خاندانوں کا ہاتھ تھام لیں۔ آپ کے یہ بہن بھائی مشکل کی اس گھڑی میں آپ کے دست شفقت کے منتظر ہیں۔ آپ ان کی مدد کیلئے آگے بڑھیںکیونکہ آزمائش کا یہ وقت بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی بے لوث خدمت اور ان کی بھرپور مالی امداد کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ صاحب ثروت، مخیر حضرات اور عوام اپنے پختون بہن بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور عوام کی طرف سے عطیہ کی جانے والی رقوم کی ایک ایک پائی پہلے کی طرح اب بھی شفاف طریقے سے امانت سمجھ کر بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے خرچ کی جائے گی، دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ہمارے لاکھوں بہن بھائیوں کو بے گھر ہونے کی آزمائش سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ یہ آزمائش صرف ان کی نہیں ہمارے لئے بھی ایک امتحان ہے۔ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کیلئے سب کو آگے بڑھنا چاہئے اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ امداد کیلئے فنڈز جمع کریں اور مشکل کی اس گھڑی میں بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔