• news

حکومت نے آئی او سی کی منظور شدہ نیشنل اولمپک کمیٹی کو تسلیم کر لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) حکومت پاکستان نے بالآخر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی پاکستان میں منظور شدہ نیشنل اولمپک کمیٹی کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر بین الاصوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ حکومت پاکستان میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی زیر نگرانی کام کرنے والی باڈی کو تسلیم کرتی ہے اور کسی دوسری باڈی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے آپ کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو باضابطہ خط کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ پاکستان میں آئی او سی کی منظور شدہ باڈی ایک ہی ہے جس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ 30 اگست 2013ء کو جاری ہونے والے لیٹر کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور عبوری کمیٹی کے زیر نگرانی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات میں منتخب ہونے والی باڈی کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلے دن سے تسلیم کرنے سے انکار کر رکھا ہے لہذا حکومت پاکستان بھی آئی او سی کی ملک میں منظور شدہ باڈی جس کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ہیں اسے مانتی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والی خط میں کہا گیا ہے کہ حمید نظامی روڈ پر واقع پاکستان اولمپک ہاوس کی بلڈنگ کا قبضہ فوری طور پر آئی او سی اور حکومت کی منظور شدہ نیشنل اولمپک کمیٹی کے سپرد کرنے کے ساتھ ساتھ منجمند بنک اکاونٹس کی بحالی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن