• news

پاکستان سٹیلز کیلئے 2بحری جہاز میٹالرجیکل کول لے کر کراچی پہنچ گئے

کراچی(کامرس رپورٹر) آسٹریلیا سے ’’میگااوشین‘‘Mega Ocean ٌ نامی بحری جہاز 55 ہزار میٹرک ٹن میٹالرجیکل کول لے کر4جولائی 2014ء کو بن قاسم میں واقع  پاکستان اسٹیل  جیٹی پرلنگرانداز  ہوگیا جس کی ان لوڈنگ  کا  کام شروع  ہوگیا ہے  جبکہ دوسرا بحری جہاز ’’ایم  وی میگا لوہوری‘‘M.V.Mega lohori بھی 55ہزار میٹرک ٹن میٹالرجیکل کول لے کر پورٹ قاسم کے Outer anchorage پرپہنچ چکا ہے۔ یہاں یہ واضح  کرنا بھی ضروری ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے  منظور شدہ 18ارب 50کروڑ روپے کے مالیاتی پیکج کی پہلی قسط 4ارب 20کروڑ روپے کی رقم میں سے انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے ایک لاکھ دس ہزار میٹرک ٹن میٹالرجیکل  کول آسٹریلیا سے  درآمد کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل میں خام مال کی بحری جہازوں کے ذریعے آمد سے رواں ماہ میں ادارے کی پیداوار 20فیصد تک حاصل کرنے میں کامیاب  ہوں گے اورحکومت پاکستان کی جانب سے دیئے گئے  پیداواری  اہداف کے مطابق  بتدریج پیداواریت  میں اضافہ ہوگا۔ اسی طرح وقت مقررہ پر رقم کی فراہمی  کا سلسلہ جاری رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اسٹیل کی پیداوار کو77فیصد تک لے جانے کیلئے ہر اقدام کو ممکن نہ بنایاجاسکے۔ مذکورہ درآمدی خام مال کی آمد پر پاکستان اسٹیل  کے چیف ایگزیکٹیو  آفیسر میجرجنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان اورانتظامیہ پاکستان اسٹیل نے ادارے کے تمام ملازمین کو مبارکباد دی جن کی دعائیں رنگ لے آئیں  اورنئے مالی سال کے موقع پر پاکستان اسٹیل کی دوبارہ بحالی کا آغاز خوش آئند ہے۔ ترجمان پاکستان اسٹیل  نے مزید کہا کہ انتظامیہ  پاکستان اسٹیل  حکومت پاکستان  اورخاص طورپر وزارت صنعت وپیداوار پرائیویٹائزیشن کمیشن اور وزارت خزانہ کی شکر گزار ہے کہ  جنہوں نے پاکستان اسٹیل کی بحالی اورترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن