• news

قلات: مسلم لیگی رہنما عبدالجبار قتل‘ سبی: ڈاکوئوں سے مقابلہ‘ تحصیلدار غلام قادر جاں بحق

قلات + سبی (ثناء نیوز+ آن لائن) بلوچستان  کے ضلع قلات میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے مسلم لیگ ن کے ضلعی رہنما عبدالجبار عمرانی کو قتل کر دیا۔ سبی میں لیویز اہلکاروں اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تحصیلدار غلام قادر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ قلات بازار میں واقع محلہ شیشرڈ گار میں پیش آیا جہاں مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما عبدالجبار عمرانی کے گھر پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، آواز سن کر وہ گھر سے نکلے ہی تھے کہ مسلح افراد نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنا دیا جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور مو قع سے فرار ہو گئے۔ دوسری جانب سبی میں لیویز ذرائع کے مطابق ڈاکوئوں نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد لیویز اہلکاروں نے ڈاکوئوں کا پیچھا کیا اور لہڑی کے نواحی علاقہ کہڑی میں مسلح ڈاکوئوں اور لیویز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں تحصیل دار غلام قادر جاں بحق ہو گئے۔ ڈاکوئوں کے گینگ کے سربراہ ریحان سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھاری مقدار میں اسلحہ اور پانچ مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ مقابلہ 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تحصیلدار لہڑی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ بیدار بابا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سہیل الرحمن بلوچ، قائم مقام ڈی آئی جی سردار زادہ انوار کھیتران سمیت ضلعی افسران کی شرکت، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں تحصیل گوارگو میں لیویز تھانے پر مسلح افراد نے راکٹوں سے حملہ کر دیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملے میں تھانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نصیر آباد سے آن لائن کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پولیس نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ منگولی کے مقام ریلوے ٹریک سے ایک کلو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔ دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی پر جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ اللہ یار، اکبر بگٹی ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے نواحی علاقے مستونگ روڈ پر ایگریکلچرل لیبارٹری کے قریب سڑک کے کنارے بجری میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے زمین میں گڑھا پڑ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں مچھ میں نامعلوم افراد کا ایک شخص کے گھر پر دستی بم سے حملہ، بم چھت پر گر کر پھٹ گیا جس سے چھت کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ای پیپر-دی نیشن