• news

مسلم لیگ ن میں اختلافات ختم‘ نثار فعال کردار ادا کریں: وزیراعظم

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف مسلم لیگ (ن) کے اندرونی اختلافات ختم کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے۔ ہفتے کے روز بات چیت صبح 10  بجے شروع ہوئی اور دو مرحلوں میں سہ پہر چار بجے تک جاری رہی۔ اس موقع پر وزیراعلی شہباز شریف بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے جن تحفظات کا اظہار کیا ان کا تعلق وزارت دفاع اور وزارت خزانہ سے ہے۔ انہوں نے خصوصاً وزیر دفاع خواجہ آصف کے رویئے، پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے اور نیشنل کائونٹر ٹیرر ازم اتھارٹی کے اختیارات وزارت داخلہ کو نہ دیئے جانے کے حوالے سے تھے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رائے ونڈ میں وزیراعظم نواز شریف اور چودھری نثار کی ملاقات میں گلے شکوے دور ہوگئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے چودھری نثار کا رائے ونڈ پہنچنے پر داخلی دروازے پر آ کر استقبال کیا اور انہوں نے چودھری نثار کو گلے لگا لیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چودھری نثار سے قلمدان واپس نہیں لیا جائیگا، چودھری نثار ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔ چودھری نثار کا فعال کردار حکومتی کارکردگی میں اضافے کا باعث ہو گا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چودھری نثار ہمارے بھائی ہیں، کچھ غلط فہمیاں جو دور ہو گئیں، چودھری نثار نے اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ پارٹی قیادت سے وابستگی میرا اصل سرمایہ ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے چودھری نثار کو اسلام آباد جا کر فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چودھری نثار پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ چودھری نثار کو منانے میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اہم کردار ادا کیا۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور وزیر داخلہ نثار چودھری کے اختلافات کافی حد تک دور ہو گئے کچھ معاملات پر ڈیڈ لاک جلد دور کر لیا جائیگا۔ وزیراعظم نے دیگر ناراض رہنماؤں کو منانے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ شہباز شریف کو دیدی۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان اگلی ملاقات اسلام آباد میں ہو گی۔ وزیراعظم نے چودھری نثار کو انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا ہے کہ جو بھی معاملات ہیں حل ہوں گے۔ اختلافات رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پارٹی معاملات پارٹی میں ہی حل ہونے چاہئیں۔ چودھری نثار نے کہا کہ ذاتی طور پر آپ سے کوئی گلہ نہیں ہے۔ چودھری نثار علی خان وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گزشتہ رات بذریعہ جہاز واپس اسلام آباد چلے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن