• news

حیدرآباد‘ کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ‘ 6 پولیس اہلکار جاں بحق

حیدر آباد + کوئٹہ + علی پور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) حیدر آباد اور کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد 7 میں گزشتہ شب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے گشت پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس سے 3 اہلکار جاں بحق ایک اہلکار اور ایک راہگیر شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی کارکن اور پولیس کی بھاری نفری لطیف آباد پہنچ گئی۔ زخمیوں اور نعشوں کو بھٹائی ہسپتال منتقل کرکے اور حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے کچلاک کے مین بازار میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر گولیاں برسا دیں جس سے اس میں سوار 2 اہلکار دم توڑ گئے 2 زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔کچلاک میں ہی چمن کوئٹہ روڈ پر نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار محمد اشرف کو گولیاں مار کر قتل کر دیا ادھر کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد نثار احمد اور غالب جاں بحق ہو گئے۔ حب کے علاقے مدینہ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نصیر نامی شخص قتل ہو گیا علاوہ ازیں ژوب کے علاقے شیرانی میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ سے جمال الدین اور حاجی شیران جاں بحق 4 شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بہاولپور پولیس نے علی پور میں مشتاق کالونی میں مکان پر چھاپہ مار کر 8 گرینیڈ اور 10خود کش جیکٹس برآمد کر لیں۔ ایک گرینیڈ پھٹنے سے بم ڈسپوزل سکواڈ بہاولپور کا انچارج زخمی ہو گیا۔ مالک مکان گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام بہاولپور پولیس کی بھاری نفری نے ایک گرفتار شخص کی نشاندہی پر مشتاق کالونی میں ایک کچے مکان پر چھاپہ مارا اور صحن میں دبائے گئے گڑھے سے ایک بیگ برآمد کرا دیا جس میں بتایا جاتا ہے کہ 8 ہینڈ گرینیڈ اور 9 خود کش جیکٹس موجود تھیں۔ ہینڈ گرینیڈ ناکارہ کرتے ہوئے بہاولپور بم ڈسپوزل سکواڈ کا انچارج محبوب عالم ٹیکنیشن شدید زخمی ہو گیا۔ جسے فوری طورپر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علی پور داخل کرا دیا گیا۔ پولیس نے مالک مکان ویٹرنری ڈاکٹر منظور حسین نائچ کو حراست میں لے لیا۔ معتبر ذرائع کے مطابق پولیس نے 4 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا جن کا تعلق ڈیرہ غازی خان اور ملتان سے بتایا جا رہا ہے اور انہیں خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ میں حساس اداروں کے خفیہ سرچ آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔ یہ آپریشن اوچ شریف بہاولپور میں گزشتہ رات 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد شروع کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن