• news

بنوں میں آئی ڈی پیز کے کیمپوں کا دورہ عید متاثرین کے ساتھ منانے کا اعلان‘ ساتھ نہیں چھوڑیں گے : وفاق پانچ ارب دے : عمران

بنوں‘ لاہور (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی مشکلات کو سمجھتا ہوں، گھروں کو چھوڑنا آسان نہیں، عید متاثرین کے ساتھ گزاروں گا۔ وہ گرینڈ جرگے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک سمیت  دیگر پارٹی عہدیدار موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ معلوم نہیں تھا کہ شمالی وزیرستان سے آپریشن کی وجہ سے اتنے لوگ نقل مکانی کریں گے، اب تک 7لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کی امداد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، ان کی بھرپور مدد کی جائے گی، ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے لیکن وفاقی حکومت سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وفاقی حکومت کے پاس متاثرین کے لئے اربوں روپے آ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ وفاقی حکومت ذمہ دار  بنتی ہے متاثرین کی مدد کرنا اور ہمارا کام ہے وفاقی حکومت سے تعاون کرنا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے کیمپوں میں موجود ڈاکٹروں کی تعداد بڑھا رہے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔  صوبائی حکومت تمام ممکن اقدامات کرے گیوفاقی حکومت فوری طور پر  خیبر پی کے  حکومت کو متاثرین کے لئے 5 ارب روپے دے ۔ متاثرین کے آئندہ دو ماہ مزید سخت گزریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی فوڈ پروگرام کے تحت آگے کی جو شکایات ہیں ان کو جلد دور کیا جائے گا۔ عمران خان نے آئی ڈی پیز کے بنوں میں کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ 14 اگست کا ’’سونامی مارچ‘‘ جمہوریت نہیں عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف ہو گا جب تک ملک میں انتخابی نظام شفاف نہیں ہوتا اس وقت تک حقیقی جمہوریت اور ملک کی ترقی اور خوشخالی ممکن نہیں حکمران ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی بجائے قوم کو صرف تسلیاں دے رہے ہیں تحریک انصاف کا نوجوان ملک اور قوم کے لئے میدان میں آنے کے لئے تیار رہے۔ عمران خان نے  کہا ہم سے بڑی کوئی اور جماعت جمہوریت پسند اور جمہوری نہیں اور ہم ملک میں صرف حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف آ جاتے تو میں انہیں قبائلی جرگے سے ملادیتا۔ اگر یہاں بڑا سانحہ ہوا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 14اگست سے ڈری ہوئی ہے۔ وفاق آئی ڈی پیز پر سیاست نہ کرے۔ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں میں 500 ایف سی جوان بھی تعینات کرے، امن وامان کی صورتحال کسی بھی وقت خراب ہو سکتی ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز سیل کے انچارج جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو بنوں میں ہونا چاہیے تھا۔
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن