سپریم کورٹ کے ججوں کی نئی سنیارٹی لسٹ جاری جسٹس جواد ایس خواجہ سینئر ترین جج بن گئے
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) جسٹس تصدق حسین جیلانی کی چیف جسٹس کے عہدہ سے ریٹائرمنٹ اور جسٹس ناصر الملک کے چیف جسٹس بننے کے بعد عدالت عظمیٰ کے ججوں کی نئی سنیارٹی لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جسٹس جوادایس خواجہ سینئر ترین جج بن گئے، سنیارٹی کے لحاظ سے دوسرے ججوں میں جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس سرمد جلال عثمانی، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس اعجاز احمد چوہدری، جسٹس گلزار احمد، جسٹس محمد اطہر سعید، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اقبال حمیدالرحمان، جسٹس مشیر عالم، جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔ رواں سال ایک اور آئندہ سال چار مزید جج ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ جسٹس تصدق حسین کی ریٹائرمنٹ سے سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 16ہوگئی ہے۔29 ستمبر2014ء کو جسٹس اطہر سعید ریٹائر ہوجائیں گے، 2015ء میں ریٹائر ہونیوالے ججوں میں جسٹس اعجاز چودھری14 دسمبر، جسٹس جواد ایس خواجہ19 ستمبر نئے چیف جسٹس ناصر الملک 15 اگست، جسٹس سرمد جلال عثمانی 12 اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ آئی این پی کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے 16ججوں میں بلوچستان کا ایک بھی جج نہیں رہا۔ سپریم کورٹ کے موجودہ ججز میں پنجاب کے 7، سندھ کے 6اور خیبر پی کے کے 3جج شامل ہیں۔
جج/ سنیارٹی