پیپلز پارٹی کسی غیر آئینی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی‘طاہرالقادری کا ایجنڈا اور عمران خان کے فیصلے مبہم ہیں:یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (ثناء نیوز) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ طاہر القادری کا ایجنڈا اور عمران خان کے فیصلے مبہم ہیں جب دونوں شخصیات کے فیصلے کھل کر سامنے آئیں گے تو پیپلزپارٹی اپنا موقف واضح کرے گی ۔ پیپلزپارٹی کا یہ فیصلہ ہے کہ کسی غیر آئینی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی تاہم ملکی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر جس سے ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوا تو کوئی حتمی فیصلہ کر سکتی ہے موجودہ سیاسی صورت حال کنفیوژن سے بھری ہوئی ہے دو تہائی اکثریت ہوتے ہوئے بھی موجود حکومت نے اپنے لئے مسائل خود پیدا کئے ہیں ۔ پیپلزپارٹی حکومت نے آپریشن کا فیصلہ کر لیا تھا وقت کا تعین فوج کو کرنا تھا ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا آئین کی بحالی کا کردار جاری رہے گا انہوں نے کہاکہ سوئس حکام کو خط نہ لکھنے والے موقف پر میں آج بھی قائم ہوں میں تو ہمیشہ کہتا تھا کہ صدر کو استثنیٰ حاصل ہے۔ احتجاج اور جلسے جلوس کرنا ہر پارٹی کا آئینی حق ہے مگر اگر ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں جس سے ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو تو حتمی فیصلے کے لئے پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔