شیخ رشید جمہوریت سے اتنا ہی تنگ ہیں تو استعفیٰ دیکر عوام کی جان چھوڑ دیں: عابد شیر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ شیخ رشید سیاسی یتیم ہیں کبھی وہ عمران خان کی گود میں بیٹھنا چاہتے ہیں تو کبھی طاہر القادری کی۔ شیخ رشید کا اپنا اینگل خراب ہے، وہ جمہوریت سے تنگ ہیں تو اسمبلی سے استعفیٰ دیکر عوام کی جان چھوڑ دیں، شیخ رشید جیسے لوگوں کو جیل میں ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ پارٹی سے ناراض تھے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ان کی ناراضگی ختم ہو گئی ہے، وہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ شیخ رشید جیسے لوگوں کا کڑا احتساب ہونا چاہئے اور ایسے لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہئے۔ سانحہ لاہور پر ہمیں ان سے زیادہ دکھ ہے جو مگر مچھ کے آنسو بہا کر نعشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ سحرو افطار میں بجلی کی 20 سے 25 فیصد لوڈشیڈنگ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے مگر اب صرف چھ گھنٹے رہ گئی ہے۔ انشاء اللہ ہمارے پانچ سال پورے ہونے تک لوڈشیڈنگ کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا اور ملک کو روشن کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگی رہنما محمد عمران کی طرف سے دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر موجود شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں طاہر جمیل ایم پی اے‘ خواجہ شاہد رزاق سکا‘ چوہدری محمود عالم‘ شیخ امجد رزاق‘ عبدالوحید‘ اسامہ سعید اعوان‘ حافظ امجد‘ میاں عابد‘ چوہدری زاہد حسین‘ چوہدری علی اکبر کھگہ کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے چند سیاسی عناصر ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں، اقتدار کی ہوس رکھنے والے یہ سیاست دان نہ تو ملک کے خیرخواہ ہیں اور نہ ہی عوام کے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں طاہر جمیل نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملک و قوم کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے صوبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے ہر طرف ترقیاتی کاموں کے جال بچھے ہوئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں عملی طور پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔ میاں طاہر جمیل نے کہا کہ ہم اپنے دور میں ہی عوام کے تمام مسائل حل کریں گے۔ خواجہ شاہد رزاق سکا نے وزیر کو یقین دہانی کروائی کہ فیصل آباد کے تمام تاجر متحد ہیں اور وہ سمجھتے ہیں نواز شریف واقعی محب وطن لیڈر ہے جو ملک کو ان سنگین بحرانوں سے نکالنے کی سکت رکھتا ہے اس لئے ہم سب میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ شیخ امجد رزاق نے کہا کہ موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کی وجہ سے نچلی سطح پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ پاکستان کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔