طاہرالقادری، چودھری برادران اور شیخ رشید کا ہدف جمہوریت کو نقصان پہنچانا ہے: احسن اقبال
لاہور (آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ طاہرالقادری‘ چودھری برادران اور شیخ رشید کا اصل ہدف پاکستانی معیشت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانا ہے۔ عوام نے نوازشریف کو ملکی ترقی کیلئے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، کسی کو ایک بار پھر ترقی کاجاری سفر سے روکنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نواز شریف حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے نتیجہ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر سے زائد ہو چکے ہیں۔ ایک سال کے دوران پاکستان پر قرضوں میں 7سو ارب کی کمی ہوئی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران احسن اقبال نے کہا ایک سال کے دوران محصولات کی وصولیوں میں 15فیصد اضافہ ہوا جو موجودہ حکومت کا شاندار کارنامہ ہے۔ جی ڈی پی گروتھ ریٹ بڑھ کر 4فیصد، بجٹ خسارہ کم ہوکر 5فیصد ہو چکا ہے، روزانہ 30ہزار بیرل تیل نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے، ملک کو ترقی کے سفر پر تیزی سے گامزن دیکھ کر سازشی ٹولہ چاہتا ہے کہ پاکستان کو پھر غیر مستحکم کیا جائے۔