• news

برطانیہ کا بھارتی فضائیہ کو 42 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے ہتھیار فروخت کرنیکا اعلان

ممبئی (اے ایف پی) برطانیہ بھارتی فضائیہ کو 42 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے ہتھیار فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں بھارت کی لندن کے ملٹی نیشنل گروپ ایم بی ڈی اے کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے۔ اس ڈیل کے نتیجے میں برطانیہ میں روزگار کے سینکڑوں مواقع پیدا ہوں گے۔ اس بات کا اعلان برطانوی وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے گزشتہ روز ممبئی میں کیا۔ وہ وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ہمراہ دو روزہ دورے پر بھارت آئے ہیں۔ ممبئی میں بزنس لیڈرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نئی حکومت کے تحت اصلاحات کے ایک پرجوش سفر کا آغاز کررہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس سفر میں برطانیہ سے بڑھ کر اس کا کوئی ساتھی نہیں ہوسکتا۔ برطانوی وزیر خزانہ نے کہا کہ بھارتی دواساز کمپنی ’’سپلا‘‘ برطانیہ میں 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جبکہ آٹو کمپنی مہندرا اینڈ مہندرا الیکٹرک کار کی ترقی میں 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کمپنیاں برطانیہ میں بھاری سرمایہ کاری کررہی ہیں میں چاہتا ہوں کہ برطانیہ میں اس سے بھی زیادہ سرمایہ کاری کی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ برطانیہ بنگلور ممبئی اکنامک کوریڈور جیسے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی ترقی میں بھارت کی بھرپور مدد کرے گا۔ اسی طرح بھارتی بانڈ مارکیٹس اور فنانشل سروسز میں بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ ہیگ نے بھارتی طلباء کے لئے برطانیہ میں سکالرشپس بڑھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو جو مینڈیٹ ملا ہے اس کے نتیجے میں بھارت میں مؤثر تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عالمی امور میں بھارت کی سیاسی اقتصادی اور ثقافتی حیثیت کو زیادہ شدت سے محسوس کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ اور بھارت کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
برطانیہ/ ہتھیار

ای پیپر-دی نیشن