• news

شمالی وزیرستان کا دورہ : پورے ملک میں پیچھا کر کے دہشت گردوں کا صفایا کرینگے : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، دہشت گردوں کا ملک کے طول و عرض میں تعاقب کرکے ان کا صفایا کیا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک یہ کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے فوج کے افسروں و جوانوں پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ بلاامتیاز مقامی اور غیرملکی تمام دہشت گردوں کو ختم کر دیں اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک بھر میں کہیں پناہ نہیں ملے گی، فوجی جوان مقامی اور غیرملکی دہشت گردوں کا صفایا کر دیں اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیں، پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں آئی ڈی پیز کو تنہا نہیں چھوڑے گی، علاقے میں امن کے ساتھ ساتھ تعمیرنو اور بحالی کا کام بھی کیا جائے گا، متاثرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت اور دیگر تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں کے دورہ کے دوران فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ مقامی جنرل آفیسر کمانڈنگ نے آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے آپریشن میں مصروف افسروں و جوانوں کی فرض شناسی، لگن اور اعلیٰ مورال کی تعریف کرتے ہوئے آپریشن میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس آپریشن کی منصوبہ بندی، تیاری اور عملدرآمدی میں مصروف تمام کمانڈ کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے اس آپریشن کیلئے قوم کی بھرپور اور غیرمتزلزل حمایت کو تسلیم کرتے ہوئے اور اسے سراہتے ہوئے کہاکہ اس تائید، واضح سمت اور قومی عزم کی بدولت ہم پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کا مشن انشاء اللہ مکمل کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ بے گھر ہونے والے متاثرین نے ریاست کی عملداری قائم کرنے کیلئے یہ عظیم قربانی دی ہے۔ انہوں نے ملک بھر سے متاثرین کی مدد کو سراہا اور یقین دلایا کہ فوج مصیبت کی اس گھڑی میں قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت اور دیگر تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ فوج شمالی وزیرستان کی تعمیرنو اور یہاں زندگی معمول پر لانے میں کردار ادا کرے گی۔ نیٹ نیوز کے مطابق آرمی چیف نے کہاکہ مقامی اور غیرملکی دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کا بھی مکمل خاتمہ کیا جائیگا، پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل نجات دلائینگے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کا آخری  دم تک پیچھا کریں گے۔ ملک بھر میں دہشتگردوں  کے مکمل خاتمے  تک انکا پیچھا کریں گے۔ پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت  سے نجات  دلائیں گے۔  قوم کے واضح فیصلے  اور عزم کے ساتھ مشن  کو مکمل کریں گے۔ دہشتگردوں  کے خاتمے  تک  تعاقب جاری رہے گا۔  مقامی اور غیر ملکی دہشتگردوں  اور ان کے ٹھکانوں  کا خاتمہ  کیا جائے گا۔  دہشت  گردوں کا ہر جگہ  پیچھا کیا جائے گا۔  پوری قوم بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ پوری قوم بے گھر افراد کی مدد کیلئے نکل آئی ہے۔ شمالی وزیرستان  میں حالات معمول  پر آتے ہی تعمیر نو کا آغاز ہو گا۔ نقل مکانی کرنے والوں کی قربانیوں کوسراہتے ہیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کے برسرپیکار سپیشل سروسز گروپ کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن