• news

الیکشن کمشن کو بدعنوان، کرپٹ شخص کی درخواست پر کارروائی سے اجتناب کرنا چاہئے: شیریں مزاری

اسلام آباد(اے این این) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے ارسلان افتخار کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف گمراہ کن الزامات کی تردید کی ہے اور اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کو ارسلان افتخار جیسے بدعنوان اور کرپٹ شخص کی درخواست پر کارروائی سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے ارسلان افتخار کے کردار سے پوری قوم بخوبی واقف ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری کمشن کی وائس چیئرمین شپ سے محرومی کے بعد ارسلان افتخار حواس باختہ ہے اور تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف ذاتیات پر مبنی رکیک حملوں پر اتر آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ارسلان افتخار کی حرکات اور اس کے بیانات پر رد عمل کا اظہار مناسب نہیں سمجھتے تاہم ضروری ہے الیکشن کمیشن بھی اس جھوٹے اور بدعنوان شخص کے بدنیتی پر مبنی اقدامات پر وقت ضائع کرنے کی بجائے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دھاندلی میں کردار کی تحقیقات پر توجہ دے۔ ان کا کہنا ہے کہ ارسلان افتخار اور اس قماش کے دیگر افراد کی جانب سے مخصوص سیاسی قوتوں کی پشت پناہی پر شروع کیے گئے اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو اس کے مقاصد کے حصول سے باز رکھنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی۔ اپنے بیان میں انہوں نے ونسٹن چرچل کے مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا برطانوی سیاست دان کا یہ کہنا ’’آپ راستے میں بھونکنے والے ہر کتے پر پتھر پھینکیں گے تو آپ کبھی اپنی منزل نہیں پا سکتے‘‘ اس ضمن میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
شیریں مزاری

ای پیپر-دی نیشن