• news

عمران بچوں کی درست تعداد نہ بتا کر صادق اور امین نہیں رہے‘ ریفرنس دائر کرونگا : ارسلان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں)  سابق چیف جسٹس  آف پاکستان افتخار  محمد چودھری  کے صاحبزادے  ارسلان افتخار  نے گزشتہ روز الیکشن کمشن کے سیکرٹری  سے  ملاقات کی، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے بتایا کہ وہ عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے  انہوں نے الیکشن کمشن  سے ان کی نامزدگی  کی نقول مانگی ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ  عمران خان کے رکن اسمبلی  ہونے  کے بارے میں ابہام  پیدا ہو گیا ہے۔ ایک سوال  پر انہوں  نے کہا عمران خان نے کاغذات  میں اپنے دو بیٹے  ظاہر کئے جبکہ  بیٹی  کا ذکر ہی نہیں کیا۔ اس طرح  وہ صادق اور امین نہیں رہے اور آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی  کی ہے۔ انہوں  نے بتایا کہ دستاویزات  کے مطابق عمران خان  نے کئی شقوں  کی خلاف ورزی کی ہے،  ایک سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ ان کا کسی سے کوئی اختلاف نہیں اور نہ  سیاسی مقاصد  کیلئے کچھ  کر رہے  بلکہ وہ عوام کی خدمت  کرنا چاہتے ہیں۔  انہوں  نے کہاکہ عمران خان نے بغیر ثبوت  ان پر الزامات  عائدکئے۔  عمران خان  سے متعلق کئی چیزیں  میڈیا میں شائع  ہو چکی ہیں مگر  میرے پاس چونکہ ثبوت نہیں اس لئے ان پر بات نہیں کر رہا۔  واضح رہے  کہ ارسلان افتخار  نے عمران خان  کے خلاف بیرون ملک سے بھی چند اہم  دستاویزات  منگوانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان  دستاویزات  کو منگوانے کے لئے امریکہ  اور برطانیہ  کے قوانین  کے مطابق اپلائی  کر دیا گیا ہے۔ مصدقہ نقول  منگوائی جا رہی ہیں  جبکہ الیکشن کمشن  سے دستاویزات  ملنے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی  کو عمران خان  کے خلاف ریفرنس  بھجوایا جائے گا۔
ارسلان افتخار

ای پیپر-دی نیشن