برطانیہ:مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز جرائم میں اضافہ ہوگیا‘سروے رپورٹ
لندن (این این آئی) برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرم کی شرح میں ایک سال کے دوران تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور روایتی مسلم ملبوسات استعمال کرنے والی خواتین عموماً گلیوں میں حملے اور دیگر برے سلوک کا نشانہ بن رہی ہیں۔اس بات کا انکشاف سروے میں کیا گیا ہے جس کے مطابق اس تشدد میں اضافے کی وجہ 2013ء میں ایک برطانوی فوجی لی ریگبی کی دو مسلم نوجوانوں کے ہاتھوں ہلاکت کو قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد سے نفرت انگیز حملوں کی شرح میں چار سو فیصد اضافہ ہوا ۔یہ سروے ٹیسسائیڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے کیا اور ان کا ماننا ہے کہ مسلم برادریوں کا پولیس پر عدم اعتماد اور نفرت انگیز جرائم کی شکایت درج نہ کرانا اس مسئلے کی حقیقی وجوہات ہیں، کیونکہ اسلام مخالف بیشتر واقعات جیسے آن لائن بدزبانی، شدید تشدد اور دیگر جرائم کی شکایت درج نہیں ہوتی اور ملزم سزائوں سے محفوظ رہتے ہیں۔تحقیقی ٹیم میں شامل میتھو فیلڈ مین نے بتایا کہ اگرچہ عام سطح پر نفرت انگیز جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے مگر مسلمانوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔