بم کی جھوٹی کال، لاہور ریلوے سٹیشن خالی کرا لیا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) ریلوے سٹیشن لاہور کے ٹرین انکوائری آفس میں نامعلوم شخص کی طرف سے ٹرین کو تین گھنٹے کے اندر بم کے ذریعے اڑانے کی جھوٹی کال نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، ریلوے سٹیشن کو خالی کرا لیا گیا اور گھنٹوں چیکنگ کی جاتی رہی۔ ضلعی پولیس، ریلوے پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر امدادی ٹیمیں ریلوے سٹیشن پہنچ گئیں اور لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی ٹرینوں کو عارضی طور پر روک لیا گیا، ٹرین آپریشن متاثر نہ ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے ریلوے ٹرین انکوائری آفس لاہور فون کیا اور کہا کہ پلیٹ فارم نمبر 2پر بم نصب ہے جو کہ آئندہ تین گھنٹے پر پھٹ جائے گا اور ٹرین کو اڑا دیاجائے گا اس جھوٹی کال پر انکوائری آفس نے ہنگامی بنیادوں پر ریلوے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فون کردیا۔ اس دوران پلیٹ فارم نمبر2پر کراچی ایکسپریس روانگی کے لئے کھڑی تھی تاہم اس ٹرین کو پلیٹ فارم نمبر 8 پر منتقل کردیا گیا، تمام پلیٹ فارمز، ریلوے پولیس ہیلپ سینٹر ،بوگیوں، پارکنگ سٹینڈز، تمام بکنگ آفس سمیت ریلوے سٹیشن کے گردونواح میں مکمل سکیننگ کی گئی اور کئی گھنٹے سرچ کے بعد ریلوے اسٹیشن کوکلیئر کردیا گیا۔