جسٹس جواد خواجہ بینرز کیس، مرکزی ملزم گرفتار ، مقدمے کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جسٹس جواد ایس خواجہ بینرز کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ مرکزی ملزم راشد کو آبپارہ پولیس نے گرفتار کیا۔ وفاقی پولیس نے سپریم کورٹ کیلئے رپورٹ تیار کر لی۔ جن علاقوں میں بینرز لگے ان کے ایس ایچ اوز کی معطلی کی سفارش کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں متعلقہ علاقوں کے ایس ڈی پی اوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عدلیہ مخالف بینرز لگائے جانے کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ آج کریگا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بنچ اس مقدمہ کی سماعت کرے گا ۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کیلئے اٹارنی جنرل اور آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کو طلب کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے بیان کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں عدلیہ مخالف بینرز لگانے کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور تحقیقات میں غفلت برتنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔