ہم جانتے ہیں ارسلان افتخار کی ڈیوٹی کس نے لگائی ہے: شاہ محمود
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سابق چیف جسٹس کے صاحبزادے ارسلان افتخار کے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لگائے گئے اخلاقی الزامات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ارسلان افتخار کی ڈیوٹی کس نے لگائی ہے، اس کے پیچھے وہی حکمران ہیں جنہوں نے 1997ء میں عمران خان کے خلاف مہم چلائی تھی، حکومت 14 اگست کے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہو کر اسی طرح کی جھوٹی، لغو اور گھسی پٹی باتیں کر رہی ہے۔ سیاست میں لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں لیکن انہیں صبر تحمل سے برداشت کرنا پڑتا ہے، حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، اسی طرح کے الزامات سے تحریک انصاف اور عمران خان پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے بلکہ ان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوبار قومی اسمبلی کا الیکشن جیت چکے ہیں وہ سکروٹنی کے مراحل سے گزر چکے ہیں اب جو باتیں ہو رہی ہیں وہ سب ردی کی ٹوکری کی نذر ہو چکی ہیں۔