• news

امید ہے چیف جسٹس ناصر الملک ماضی کے ججز کی طرح خود کو متنازع نہیں بنائیں گے: الطاف

کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم نے رمضان المبارک کے مہینے میں مختصروقت میں تاریخی اور شاندار جلسہ منعقد کرکے پاکستان کی سیاست میں نئی تاریخ رقم کی ہے جس پر ایم کیوایم کے تمام کارکنان زبردست شاباش اورخراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یہ بات رابطہ کمیٹی، تنظیمی شعبہ جات اور ارکان اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے جسٹس ناصر الملک کو سپر یم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے امید ظاہر کی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے اورماضی کے ججز کی طرح خودکومتنازعہ نہیں بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف سپریم کورٹ جسٹس ناصر الملک زندگی کے ہر معاملے میں انصاف سے کا م لیں گے تو مظلوم عوا م کی داد رسی ہوگی او ر انصاف کا بول بالا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن