• news

بحرین نے داخلی معاملات میں مداخلت پر امریکی نائب وزیر خارجہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

منامہ (ا ے این این) بحرین نے امریکہ کے  نائب وزیرخارجہ ٹوم میلنو وسکی کو ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے پر ناپسندیدہ شخص قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے ملکی دورے پر آئے ہوئے امریکہ کے  نائب وزیر خارجہ برائے جمہوریت، انسانی حقوق اور محنت ٹوم میلنو وسکی کو ملکی داخلی معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے ایک خاص اپوزیشن جماعت کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ بحرین کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ میلنو وسکی عوام میں اختلافات پیدا کررہے تھے اور دو ریاستوں کے درمیان تعلقات میں بگاڑ کا سبب بھی بن رہے تھے۔دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پسا کی نے کہا ہے کہ بحرین حکومت کی جانب سے ٹوم میلنووسکی کو بے دخلی کے حکم سے متعلق رپورٹس کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میلنو وسکی بحرین میں ہیں اور اپنا دورہ مکمل کرنے تک وہیں رہیں گے، اس حوالے سے ہم منامہ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن