5 سال میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کر سکے تو عوام کے پاس جانے کا کوئی جواز نہیں رہیگا: برجیس طاہر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان مشرف کے ریفرنڈم میں کمانڈر انچیف تھے مگراس نے انہیں وزیراعظم نہ بنایا، اسی طرح طاہرالقادری نے بھی ان کا ساتھ دیا مگر مراد پوری نہ ہوئی، عمران خان واقعی انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں تجاویز لائیں، وہ تو ایک سال میں آج تک ایک بل نہیں لا سکے، غربت مہنگائی اور بیروزگاری کے بجائے چار حلقوں میں دھاندلی کے حوالے سے احتجاجی سیاست کررہے ہیں ، اگر ہم پانچ سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کر سکیں تو ہمارا عوام کے پاس جانے کا جواز نہیں رہیگا۔ آن لائن کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے اندر الیکشن میں اصلاحات کے حوالے سے آئینی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ عمران خان بچوں کی طرح کے پی کے اسمبلی توڑنے اور احتجاجی دھرنوں کی باتیں ختم کریں۔