• news

دورہ سری لنکا : ٹیسٹ ون ڈے سیریز کے لئے قومی سکواڈز کا اعلان، یونس خان کی واپسی ، حفیظ ٹیسٹ میچز سے آئوٹ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان کی دو ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ مصباح الحق دونوں ٹیموں کے کپتان برقرار جبکہ سابق کپتان یونس خان ٹیسٹ کے بعد ون ڈے ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ میڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل جنہیں ون ڈے کرکٹ تک محدود کر دیا گیا تھا ہیڈ کوچ کی سفارش پر انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں موقع دیا گیا ہے۔ دورہ سری لنکا کی تیاری کے لئے پاکستان کی دونوں ٹیموں کا تربیتی کیمپ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے لاہور میں لگایا جائے گا۔ کریبین لیگ میں مصروفیت اور ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع نہیں دیا گیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے والے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، خرم منظور، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)،  سعید اجمل، عبدالرحمان، محمد طلحہ، جنید خان، راحت علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے اعلان ہونے والے سکواڈ میں احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، مصباح الحق (کپتان)، یونس خان، عمر اکمل، فواد عالم، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، انور علی، سعید اجمل، جنید خان، محمد طلحہ، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن