پی سی بی آخر تک ایڈہاک ازم پر چلایا جاتا رہیگا: جسٹس ثاقب نثار، بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے اٹارنی جنرل کو24 گھنٹے کی مہلت
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) سپریم کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے اٹارنی جنرل کو 24 گھنٹوں کی مہلت دے دی ہے جبکہ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آخر کب تک ایڈہاک ازم پر چلایا جاتا رہے گا۔ اس کے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ہیں؟ آئین و قانون کی پاسداری ہو گی تو معاملات سدھریں گے۔ چیئرمین پی سی بی کی تقرری کے خلاف سابق چیئرمین ذکاء اشرف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ اس دوران اٹارنی جنرل پاکستان سلمان بٹ عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آج بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا فیصلہ کر کے نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔