چین اور امریکہ کے درمیان محاذ آرائی کے نتائج تباہ کن ہوں گے: چینی صدر
بیجنگ (نیٹ نیوز) بیجنگ میں چین اور امریکہ کے درمیان ، سٹرٹیجک اینڈ اکنامک ڈائیلاگ کے موضوع پر چھٹے سالانہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ چینی صدر نے خبردار کیا ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان محاذ آرائی سے تباہی ہو گی۔ سالانہ مذاکرات میں امریکی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ جان کیری کر رہے ہیں۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہئے۔ چینی صدر نے کہا کہ وسیع ترین بحرالکاہل میں اتنی گنجائش ہے کہ امریکہ اور چین دونوں کیلئے جگہ بن سکے۔ مذاکرات میں امریکی وفد کے قائد وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ امریکہ چین کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ڈالنا چاہتا اور اختلافات کے باوجود دونوں ممالک یکساں موقف تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سالانہ مزاکرات میں جنوبی چین کے متنازع سمندری علاقوں کی ملکیت کے علاوہ سائبر سکیورٹی جیسے موضوعات کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی۔ بات چیت کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات دور کرکے تعلقات معمول پر لانا ہے۔